نئی دہلی:13/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش اسمبلی انتخابات لڑنے پر بی جے پی کی اتحادی پارٹی آر پی آئی کے صدر رام داس اٹھاؤلے نے آج کہا کہ بی جے پی کو اس کے تعاون کی ضرورت ہوگی کیونکہ دلت ووٹوں کے بغیر وہ ریاست میں اقتدار میں نہیں آ سکتی۔آر پی آئی صدر اور مرکزی وزیر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اداکارہ راکھی ساونت کو بی ایس پی سپریمو مایاوتی کے خلاف انتخابات میں اتاریں گے۔ساونت آر پی آئی کی خاتون سیل کی سربراہ ہے۔اٹھاؤلے نے کہا کہ بی جے پی اترپردیش میں دلت ووٹوں کے بغیر نہیں انتخابات جیت سکتی ہے۔آر پی آئی اسے دلتوں کا ووٹ دلا سکتی ہے،اس لئے دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد ہونا چاہئے اور میں بی جے پی صدر امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے اس سلسلے میں گزارش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی سے اسے 15سے 20سیٹیں ملتی ہیں تو اسے خوشی ہوگی،اگر دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد نہیں ہوتا ہے تو آر پی آئی 200سیٹوں پر الیکشن لڑے گی لیکن این ڈی اے کا حصہ بنی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بی ایس پی نے ہمارا ہاتھی لے لیا، دلت ووٹ بنیادی طور پر ہماری پارٹی سے وابستہ تھے۔آر پی آئی 1967میں ریاست میں اقتدار میں تھی۔